کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ نے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے ایک بارپھر کراچی میںبلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے انکارپرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جمہوریت کی نفی،عوام کے بنیادی حقوق پرڈاکہ اورالیکشن سے راہ فرار کی کوشش قراردیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے جاری اپنے ایک بیان میں مزید کہاکہ ویسے تو پیپلزپارٹی اپنے آپ کو جمہوری عوامی پارٹی کہلاتی ہے مگرسندھ کی بربادی سے لیکربلدیاتی انتخابات سے مسلسل بھاگنے تک کاکردار آمریت کے دورسے بھی بدتر ہے۔کراچی سے کشمور تک سندھ کی بدحالی ،غربت وافلاس اورمحرومی کی ذمے دار بھی 1970سے لیکر گذشتہ15سال سے تسلسل کے ساتھ سندھ پر حکومت کرنے والی پیپلزپارٹی ہے۔سندھ حکومت سے لیکر پولیس اہلکاروں تک سیلاب متاثرین کی کس نے مدد کی وہ سندھ کے لوگ اچھی طرح جانتے ہیں۔
پی ٹی آئی دھرنے کوروکنے کے لیے سندھ سے ہزاروں پولیس اہلکاراسلام آباد بھیجے گئے ہیںمگرکراچی کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سندھ حکومت کے پاس نفری نہیں ہے جوکہ ان کی دہری اورمنافقانہ پالیسی کو بے نقاب کرتی ہے۔صوبائی امیرنے کہاکہ جماعت اسلامی خاموش بیٹھے گی اورنہ ہی پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کوبلدیاتی انتخابات سے بھاگنے دے گی۔ عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے آئینی وعوامی فورمزپرجدوجہد جاری رہے گی۔