ہمیں ہرلمحے اپنے ہر عمل کاخود احتساب کرنا ہوگا، دردانہ صدیقی

کراچی(صباح نیوز)مرکزی سکریٹری جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ہمیں ہرلمحے اپنے ہر عمل کاخود احتساب کرنا ہوگا۔

ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی ضلع قائدین حلقہ خواتین کے تحت تربیتی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سکریٹری جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا کہ حکومت الہیہ کے قیام کی جدوجہد،انبیاء کی سنت اور امت کی ذمہ داری ہے،انقلابِ محمدی کے عظیم مشن کے لیے امت کو تیار کرتے ہوئے ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کردار سازی کے تین مسلمہ اصول دیے علم،ایمان اور مکارمِ اخلاق علم جسکا ماخذ قران وسنت ہو ،ایمان اللہ کی ہدایات کا وہ عقیدہ جو ذہن ودل میں راسخ ہوکر عمل سے ظاہر ہو،  پیارے نبی نے خوشخبری دی کہ ”روز حشر اچھے اخلاق  اعمال کے پلڑے میں سب سے بھاری ہوں گے”۔

دردانہ صدیقی نے کہا اللہ کا احسان ہے کہ عظیم مقصد کے حصول کے لیے ہمیں جماعت اسلامی سے جوڑ دیا ہے۔ہماری لغزش ہمارے نصب العین پر منفی طور پر اثرانداز ہوتی ہمیں ہرلمحے اپنے ہر عمل کاخود احتساب کرنا ہوگا۔ ترجیحات کے تعین کے لیے تنظیمی پالیسی سے آگاہی ضروری ہے ۔اللہ کی نصرت پر یقین رکھتے ہوئے عزم وحوصلے سے امید کی شمع لے کرچلیں، ان شااللہ کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے معارف اسلامی کے نگران شاہد ہاشمی نے کہا جو اللہ کی ہدایات کے مطابق کام کرے گا اُسے ہی کامیابی ملے گی، یہ اللہ کا قانون ہے،اہل تقوی کی صحبت اختیار کرتے ہوئے،ایسا ماحول بنائیں جہاں شیطان کی تدابیر کارگر نا ہو۔

ہماری پہلی دفاعی لائن ہمارا خاندان ہے،خیروشر میں امتیاز کرتے ہوئے ایسا رویہ اختیار کریں جو اللہ کے نزدیک قابل قبول اور عام فرد کے لیے آسان عمل ہو۔ تربیتی نشست میں اختتامی گفتگو کرتے ہوئے ناظمہ ضلع قائدین گل رخ مسعود نے کہاکہ ہمیں خوداور اپنے ماحول کو اسلامی اقدار کی ایسی چلتی پھرتی تصویر بناناہے جس میں اسلام ہی ہر مسلے کا حل اور ہر تصور کا ماخذ بن جائے ـ  انہوں نے کہا کردار سازی کے لیے ٹھوس مطالعہ کیجیے اور کروائیے۔ نائب ناظمہ کراچی حلقہ خواتین جماعت اسلامی  ثنا علیم نے اسلامی تحریک کی جدوجہد کی قبولیت اورکامیابی کی دعا کی۔