آرمی چیف کی تعیناتی شہباز شریف ہی کریں گے، لانگ مارچ عمران خان کا آخری کارڈ بھی ہاتھ سے گیا،مریم نواز


لندن(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا لانگ مارچ بے مقصد ہے اور اس کی حفاظت کے لیے عوام کے ٹیکس کے کروڑوں اور اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ آرمی چیف کی تعیناتی شہباز شریف ہی کریں گے، لانگ مارچ عمران خان کا آخری کارڈ وہ بھی ہاتھ سے گیا،عوام کے مسائل اور تکالیف کے بارے میں اس لانگ مارچ کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ان کی تقاریر میں نظر آرہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی صدف نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ عمران خان کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کیا ہے، اس کے مقاصد کیا ہیں، چار سال حکومت میں رہ کر خارجہ امور سمیت کسی بھی شعبے میں اس نے ملک کی تباہی نہ کی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ 4 سال میں قرضے کتنے بڑھ گئے، معیشت زیر زمین چلی گئی اور مہنگائی سے حالات خراب ہوگئے تو اس شخص کو کچھ بولنا نہیں چاہیے تھا، بجائے اس کے جلوس لے کر سڑک پر نکل آیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے ٹیکس کے کروڑوں اور اربوں روپے اس مارچ کی حفاظے کے لیے خرچ ہو رہے ہیں، جس کے کوئی قومی مقاصد نہیں ہیں، اتنے بے دردی سے قوم کے پیسے اور وسائل لوٹا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس سازش کا بیانیہ انہوں نے گھڑا، وہ سارے جھوٹ اور فتور قوم پر واضح ہوگئی۔ مریم نواز نے کہا کہ آج لانگ مارچ میں عوام کی عدم شرکت کی وجہ یہی ہے کہ عوام کو اس کا اصلی چہرہ نظر آیا، جو جھوٹ بولے تھے وہ سارے عوام کے سامنے آیا۔عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس نے سوچا تھا کہ جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرلوں گا اور سچ کبھی عوام کے سامنے نہیں آئے گا تو وہ بڑی بھول اور زعم میں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدتمیزی کرنے والوں کو ہمیشہ لگتا ہے کہ وہ بدتمیزی کرکے کامایب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں لانگ مارچ ان کا آخری منصوبہ تھا، ان کا پہلا منصوبہ سازش کا جھوٹا بیانیہ گھڑ کر ایک دبائو بڑھائیں گے، جس میں انہوں نے جلسے جلوس کیے اور خرافات اور جھوٹ بولے اور ان کا خیال تھا کہ اس طرح دبائو بڑھا جلدی انتخابات کروائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ اس کا مقصد اور ہدف بھی نومبر میں نئے آرمی کی تعیناتی تھی کیونکہ ان میں سے چند لوگ انہیں سکھا اور پڑھا رہے تھے، جن کا اب آخری تکیہ عمران خان تھے، ان کے جرائم اور گناہوں کی فہرست اتنی طویل ہے کہ وہ ان سب کو عمران خان پر تکیہ کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ ناکام ہوا اور حکومت ختم نہیں کرسکتا اور انتخابات کی تاریخ نہ لے سکا تو بادل نخواستہ یہ لانگ مارچ کا منصوبہ رکھا تھا، اس کا کوئی قومی مقصد نہیں ہے، عوام کے مسائل اور تکالیف کے بارے میں اس لانگ مارچ کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ان کی تقاریر میں نظر آرہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا ایک ہی ہدف ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی یہ حکومت نہ کرسکے اور اس میں یہ رخنہ ڈالنا چاہتے تھے، اس کے بارے میں نواز شریف نے ٹوئٹ بھی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی 22 سالہ جدوجہد کی بات کرتے ہیں لیکن 22 سالہ جدوجہد مشرف کی غلامی سے شروع ہو کر پاشا، ظہیرالاسلام اور وہ جن کو یہ کان، ناک اور آنکھیں کہتے تھے اور پرویزالہی نے کہا کہ یہ ان کی نیپیاں بدلتے رہے ہیں اور ان کا سارا دار ومدار انہی پر ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اس کا یہ منصوبہ بھی ناکام ہوگا، اس کا پتا ہونا چاہیے کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی اور قانونی طور پر شہباز شریف کریں گے اور وہ پرامن طریقے سے ہوگی، جس سے عمران خان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کو پتا ہے کہ آخری کارڈ بھی ان کے ہاتھ سے نکل گیا ہے، لانگ مارچ میں لوگوں نے شرکت نہیں کی، کیوں ماں کے بیٹے اس لانگ مارچ میں شرکت کریں جبکہ آپ کے بیٹے لندن میں محفوظ ترین مقامات پر ہیں اور ان کو کوئی خطرہ نہیں، سڑک پر دھکے نہیں کھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اب بھی اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ رہا ہے کہ وہ اس کی آنکھیں، کان اور ہاتھ بن جائیں، عوام کو اس بات کا پتا ہے، اس لیے لانگ مارچ کو 5 ہوگئے ہیں، اس کو پارٹ ٹائم لانگ مارچ کہنا چاہیے، دوپہر کا کھانا کھا کر لاہور سے نکلتے ہیں اور شام کی چائے پینے کے لیے گھر واپس جاتے ہیں، پارٹ ٹائم دو گھنٹوں میں ختم ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل سن رہے تھے یہ لانگ مارچ ابھی 9، 10 دن میں بھی اسلام آباد نہیں پہنچے گا تو جب دوپہر 3 بجے شروع کر کے شام کو 6 بجے ختم کریں گے تو مہینے میں بھی ختم نہیں ہوگا، کوئی مجمع نہیں ہوتا بس چند لوگ جو کنٹینر کے آگے پیچھے ہوتے ہیں وہی ہیں اور اس کے بعد ٹریفک کا رش دکھاتے ہیں کہ لانگ مارچ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سنا ہے لانگ مارچ گوجرانوالہ میں رہے گا تو گوجرانوالہ کے شہریوں کو کہوں گی کہ گھنٹہ گھر میں گھڑی لگی ہوئی اس کی حفاظت کریں کیونکہ گھڑی چور گوجرانوالہ میں پھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے اتنی سفاکی اور چالاکی سے اتنے بڑے جھوٹ بولے، وہ جھوٹ ایسے تھے کہ پاکستان کی سیکیورٹی، بیرونی ممالک سے تعلقات، پاکستان کا اندرونی استحکام ان جھوٹ سے دائو پر لگا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کو اپنی خاموشی توڑ کر سچ بتانے کے لیے میدان میں آنا پڑے گا، اس سے حالات کی سنگینی کا اندازہ لگائیں کہ اس نے کتنے جھوٹ بولے ہیں، جس سے ملک کو نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رات کے اندھیرے میں جن کے پائوں پکڑتا ہے، دن کے اجالے میں ان کا گریبان پکڑتا ہے اور پھر ایوان صدر میں جو ملاقات کی، جن کو یہ میرجعفر اور میر صادق اور جانور کہتا رہا، چپ کے ان سے ملتے رہے ہیں، حالانکہ لوگوں کو کچھ اور کہتا رہا اور جھانسہ دیتا رہا لیکن رات کو چھپ چھپ کر ملتا رہا لیکن بھانڈا پھوٹا اور قوم کے سامنے سچ آگیا پھر اس کے پاس اس سچ کا جواب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے پاس سچ کا جواب نہیں ہے، قوم انتظار کر رہی ہے ان پر جو سنگین الزامات لگائے گئے ہیں اور حقائق آئے ہیں، اس پر ان کا کوئی جواب نہیں، اس کی وجہ یہ ہے اس کا کوئی جواب نہیں، اسی لیے گالی گلوچ پر زور اسی لیے رکھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر پر 10 ارب ہرجانے کا دعوی کرنے کا اعلان کر رہا ہے حالانکہ اس چیف الیکشن کمشنر کو آپ نے تعینات کیا ہے اور جب تک آپ کے جرائم سامنے نہیں لایا تو اس سے اچھا کوئی نہیں تھا اور آج حقائق سامنے لائے اور انہوں نے کوئی کہانیاں نہیں سنائیں، آپ کی گھڑی، یا کوئی اقامہ پر نااہلی نہیں ہوئی بلکہ تم نے چوری، منی لانڈرنگ کی ہے اور توشہ خانہ کا مال لوٹا ہے، وہ اس نے قوم کے سامنے رکھا، ہرجانے کروگے تو وہ جیت جائے گا۔مریم نواز نے کہا کہ کہتا ہے اس سے 10 ارب لے کر ہرجانے شوکت خانم کو دے دوں گا تو یہ نہیں بتایا کہ 10 ارب ہرجانہ لے کر شوکت خانم کو دوں گا تو وہی ہرجانہ شوکت خانم سے لے کر اپنے جیب میں ڈالوں گا کیونکہ یہی کرتے آئے ہیں۔