لاہور(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کامینارپاکستان کے پنڈال میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ، جماعت اسلامی کے سرکردہ رہنماؤں امیر العظیم، لیاقت بلوچ،ڈاکٹر فریدپراچہ، محمد حسین محنتی ، ڈاکٹر طارق سلیم، مولانا عبدالاکبر چترالی و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
مینار پاکستان پر پنڈال میں جماعت اسلامی یوتھ کے ہزاروں کارکنوں نے مشکلات سے دوچار عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، سینکڑوں نوجوانوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر عوامی مسائل کے حل میں حکومتی ناکامی کی عکاسی کی گئی تھی۔
پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈرشپ کنونشن کے ذریعے جماعت اسلامی نے انتہائی کامیاب سرگرمی منعقد کی۔ مینار پاکستان کا وسیع سبزہ زار وقفہ وقفہ سے نعروں سے گونجتا رہا۔ خواتین اور بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے کنونشن میں شرکت کی۔
آزاد ذرائع کے مطابق لاہور کے تمام علاقوں سے یوتھ کنونشن میں نمائندگی موجود تھی۔ جماعت اسلامی نے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے نوجوانوں کو اعتماد میں لیا اور جماعت کی سیاسی سرگرمیوں پر مینار پاکستان پر ہونے والے عوامی طاقت کے مظاہرے کے دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔