لانگ مارچ کی کوریج کرنے والی خاتون صحافی صدف نعیم کنٹینر سے گر کر جاں بحق، وزیر اعظم کا اظہارافسوس


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی کوریج پر مامور خاتون صحافی صدف نعیم کنٹینر سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔ عمران خان نے خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے پر اتوار کا لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے۔ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔

تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ میں شامل کنٹینر کے نیچے آکر خاتون جان کی بازی ہار گئی، خاتون صحافی صدف نعیم نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر تھی۔عمران خان نے حادثے کے بعد کنٹینر رکوا دیا اور وہ کنٹینر سے نیچے اتر کر جائے حادثہ پر پہنچے۔

اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے کے بعد آج کا لانگ مارچ یہیں ختم کرتے ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالی خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کامونکی میں خطاب کئے بغیر واپس روانہ ہوگئے جبکہ لانگ مارچ کل بروز پیر کو کامونکہ سے دوبارہ شروع ہوگا۔

دوسری جانب سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جای بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے۔ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا حادثے پر کہنا تھا کہ صحافی کی زندگی پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے،خاتون صحافیوں کے لئے خصوصی انتظامات کرنے چاہئیں تھے۔

ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہی نے صدف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ صدف پروفیشنل ، محنتی اور قابل صحافی تھیں۔ وزیر اعلی چودھری پرویزالہی نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے ۔

دریں اثنا لانگ مارچ میں کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہونے والی رپورٹر صدف نعیم کے شوہر نعیم نے کہا ہے کہ بیٹی نے میڈیا پر دیکھ کر بتایا امی لگتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے، بیٹی نے میڈیا پر دیکھ کر بتایا کہ امی لگتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں نے کہا کہ امی آج ڈیوٹی پر نہ جائیں لیکن صدف نے کہا آج جانا ضروری ہے ،ڈیوٹی تو ڈیوٹی ہوتی ہے۔فیملی ذرائع کے مطابق صدف کے دو بچے 21 سال کی بیٹی اور 15 سال کا بیٹا ہے جبکہ وہ تین بہنوں اور ایک بھائی میں دوسرے نمبر پر تھی۔