سیالکوٹ(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو آرمی چیف کیلئے مشورے دینے والا عمران خان کون ہوتا ہے ۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر عمران خان کا کوئی تعلق ہی نہیں بنتا، وہ تو قومی اسمبلی کے بھی رکن نہیں، 7 نشستوں پر جیتنے کے باوجود وہ اپنی ایک نشست سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ مجھے تو یہ معلوم نہیں تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کرپٹ ہیں، یہ تو اسٹیبلشمنٹ نے یہ بتایا تھا، عمران خان بڑے معصوم ہیں، عمران خان نے کرپشن کا بیانیہ ہی اس بات پر تعمیر کیا تھا کہ ہم لوگ کرپٹ ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت کے تحریک انصاف سے کوئی رابطہ نہیں لیکن ان کے بہت سے لوگ عمران خان کو چھوڑنے کا عندیہ دے رہے ہیں اور ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، وہ اگلے انتخابات کے لئے ہم سے یقین دہانی چاہتے ہیں، انتخابات تو ابھی دور ہیں لیکن اس کے لئے انہیں امیدوار نہیں ملیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس دھرتی نے آپ کو وزیراعظم بنایا آپ کو عزت راس نہ آئی، کل اس کے ساتھی ایک دوسرے سے لڑرہے تھے۔ عمران خان الیکشن کی تاریخ مانگتے ہیں، 13 اگست کو اسمبلی کی مدت پوری ہوگی، بار بار الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں اپنی 2 اسمبلیاں کیوں نہیں توڑتے؟
لانگ مارچ میں ناخوشگوار واقعہ کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ گنڈاپور جو باتیں کرچکے ہیں وہ سب کے سامنے ہے، کوئی خون خرابہ ہوا تو 98 فیصد علاقہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کا ہے ، یہی ذمہ دار ہوں گے۔