ڈونلڈ بلوم کا سیلاب متاثرین کیلئے امریکی حکومت کی جانب سے 3 کروڑ ڈالرز اضافی امداد کا اعلان


کراچی(صباح نیوز)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امریکی حکومت کی جانب سے 3 کروڑ ڈالرز اضافی امداد کا اعلان کیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،انہوں نے مختلف پناہ گاہوں کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ان کے مسائل دریافت کئے۔

امریکی سفیر نے شکار پور میں یو ایس ایڈ کے شراکت داروں کے ہمراہ دورے کے موقع پر پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امریکی حکومت کی جانب سے مزید 3 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔

امریکی حکومت کی جانب سے رواں سال سیلاب متاثرین کیلئے جاری ہونیوالی امداد کا مجموعی تخمینہ 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ہوجائے گا۔

امریکی سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونی والی تباہ کاریوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے والی بھائیوں کو مشکل وقت میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔