وزیراعلیٰ پنجاب کا عمران خان کے لانگ مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔لانگ مارچ سے پہلے پی ٹی آئی قیادت اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی کی بڑی بیٹھک ہوئی۔

عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب  نے گزشتہ روز لاہور میں ملاقات  کی جس میں شاہ محمود قریشی، میاں اسلم اقبال، فواد چودھری، عمر سرفراز چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، اعجاز شاہ اور حسان خاور بھی شریک تھے۔ ملاقات میں لانگ مارچ کے امور پر مشاورت کی گئی جبکہ پرویز الہی کی جانب سے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔ لانگ مارچ کے حوالے سے انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعلی پنجاب اور عمر ان خان کی ون آن ون بھی ملاقات ہوئی۔  عمران خان سے ملاقات میں پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام اور صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے پروگرامز پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ عمران خان اور چودھری پرویز الہی نے ارشد شریف کی شہادت کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر عمران خان اور چودھری پرویز الہی نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ارشد شریف کی شہادت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے، ارشد شریف کی والدہ، بیوہ اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے ملک کی خراب معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، لانگ مارچ حقیقی آزادی کے لئے جہاد ہے، عوام کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ لانگ مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کیساتھ ہیں، لانگ مارچ امپورٹڈ حکومت کو بہا لے جائے گا، مارچ شروع ہونے سے قبل ہی وفاقی حکومت کی چولیں ہل گئی ہیں، عمران خان پاکستان کے عوام کے لئے امید کی کرن ہیں، لانگ مارچ کو پورا سپورٹ کریں گے۔