وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق


ریاض(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کےامور سمیت دیگر اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 2 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے  گزشتہ روز فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو سمٹ سے خطاب کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف قصر یمامہ پہنچے تو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا،

ان کے ہمراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور دیگر افراد بھی تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں پاک سعودی تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔