بلاول بھٹو سے امریکی سفیر کی ملاقات،سیلاب متاثرین کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ،جس میں  سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گزشتہ روز ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کے موقع پر سیلاب متاثرین کی امداد پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔ بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اس ملاقات کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر نے توانائی منصوبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ  امریکی حکومت کی سیلاب متاثرین کے لیے امداد و بحالی کے لئے تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے معاملے کی امریکی سفیر نے توثیق کی۔ امریکی سفیر سے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔