راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمن سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور باہمی تعاون پر بات چیت، جرمن سفیر نے بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں منگل کے روز ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سفیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید وسعت پائیں گے۔
اس موقع پر جرمن سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔