پاکستان نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے کینیا حکومت سے درخواست کردی


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے کینیا سے درخواست کردی ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے کینیا سے درخواست کی ہے، وزیراعظم نے کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ہے ۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کینیا کے حکام کے ساتھ ارشد شریف کی میت لانے کے لیے متحرک ہے، نیروبی میں پاکستانی ہائی کمیشن کینیا کی حکومت سے اس عمل کو تیز کرنیکے لیے رابطے میں ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق  اسلام آباد میں قائم مقام سیکرٹری خارجہ رضا بشیر نے کینیا کے ہائی کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں واقعے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔  قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے ارشد شریف کی میت جلد بھجوانے کی درخواست کی، قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے قومی اسمبلی کی خارجہ کمیٹی کو بھی اس معاملے پر بریفنگ دی۔