سفری پابندیوں سے اومی کرون کا پھیلاؤ نہیں روکا جا سکتا،ڈبلیو ایچ او


جنیوا(صباح نیوز) ورلڈ ہیلتھ اورگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)نے کہا ہے کہ صرف سفری پابندیوں سے اومی کرون کے پھیلاؤ کو نہیں روکا جا سکتا،موجودہ ویکسینز وائرس کی نئی قسم کے خلاف کم موثر ثابت ہو ں گی۔

عالمی ادارہ صحت نے تمام ممالک کی  حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ گھبرائیں نہیں اور اومی کرون کے خلاف معقول اقدامات کریں۔

ورلڈ ہیلتھ اورگنائزیشن کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم نے کہا ہے کہ تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ معقول اور خطرے کو کم کرنے والے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ صرف سفری پابندیوں سے اومی کرون کے پھیلائو کو نہیں  روکا جا سکتا۔ کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے خلاف  عالمی سطح پر ردعمل پر سکون اور مربوط ہونا چاہئے۔

دوسری جانب دواساز کمپنی موڈرنا  کے سی ای او نے کہا ہے کہ موجودہ ویکسینز وائرس کی نئی قسم کے خلاف کم موثر ثابت ہوں گی۔

یاد رہے کہ تقریبا ایک ہفتے قبل اومی کرون وائرس جنوبی افریقہ میں سامنے آیا تھا جو تیزی سے کئی ممالک میں پھیل گیا ہے۔ کورونا کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد درجنوں ممالک نے سفری پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے اپنی سرحدوں کو بند کردیاتھا۔