سری نگر،مظفرآباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے نائب امیرسیف اللہ خالدنے کہاہے کہ بیجباڑہ کا قتل عام ایک لرزہ خیز واقعہ ہے جسے کشمیری قوم کبھی بھول نہیں سکتی،22اکتوبر1993 بھارتی فوج نے سفاکیت کی اعلی مثال قائم کرتے ہوئے پچاس سے زائد کشمیری مسلمانوں کو تہہ تیغ کرکے خون کی ندیاں بہا کر چنگیزیت کو مات دی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایک خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے ایک پرامن مظاہرے پر اندھا دھند گولیاں چلائیں اس وقت جب مظاہرین حضرت بل کی طرف بھارتی فوج کی طرف کئے گئے کریک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے۔انہوں نے کہا کشمیری عوام ا یک عظیم مقصد کی خاطر خون کے نذرانے کل بھی پیش کررہے تھے آج بھی کررہے ہیں۔بھارتی فوج نے لاکھوں کی تعداد میں ریاستی شہریوں کا قتل کیا لیکن اس بہادر قوم کے حوصلے ان حربوں سے کبھی پست نہیں ہوئے،شہدا کی یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
نائب امیر حزب نے واضح کیا کہ ہر مظالم کے باوجود تحریک آزادی کومنظقی انجام تک پہچانے تک کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔ستم رسیدہ،بے بس او رمظلوم کشمیری قوم بھارتی فوج کے وحشیانہ اقدام کے سامنے آج بھی کھڑی ہے،اور ان کی ثابت قدمی کے سامنے دشمن ایک دن ضرور گٹھنے ٹیک دے گا۔ان شااللہ کشمیری قوم آزادی کی نعمت سے ایک دن ضرور ہمکنارہوگی۔تقریب کے اختتام پر شہدائے بیجباڑہ کی بلندی درجات کی دعا بھی کی گئی