اللہ اور رسولۖ سے وفاداری دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے، حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز) مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ اللہ اور رسولۖ سے محبت کا تقاضا ہے کہ اللہ سے بغاوت پر مبنی نظام کو مسترد اور زندگی کے ہر معاملے میں قرآن و سنت کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔ اللہ نے اپنے آخری نبی حضور اکرمۖ کے ذریعے انسانیت کو دین کامل عطا فرمایا جو قیامت تک کبھی تبدیل نہیں ہو سکتا۔ دین میں تبدیلی کرنے والے اور اسلامی احکام کے خلاف قانون بنانے والے امت مسلمہ کی قیادت نہیں کر سکتے۔ عقیدۂ ختم نبوت ہرمسلمان کے لیے بنیادی جزوِ ایمان ہے۔ ختم نبوت کے قانون کے خلاف اسلام دشمن قوتیں سرگرمِ عمل ہیں، مگرامت مسلمہ کبھی اس سازش کو کامیاب نہ ہونے دے گی۔ اسلام کے اخلاقی و معاشی نظام کے خلاف ٹرانس جینڈر قانون اور سود کے بارے میں عدالتی فیصلوں کے خلاف اپیلیں ان سب کے پیچھے غیر ملکی اسلام دشمن قوتیں ہیں۔ امت مسلمہ کو ہر ایسے طاغوتی منصوبے کے مقابلے پر یک جان ہو کر کھڑا ہونا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوںنے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ ہم اسلام کا مکمل معاشی نظام اپنا لیں تو اللہ آسمان سے بھی برکتیں نازل فرمائے گا اور زمین بھی خزانے اگلے گی۔ پھر ہم نہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی پر مجبور ہوں گے، نہ مشرق و مغرب کی کسی غیر مسلم، لادین ریاست کے محتاج رہیں گے۔ اسلام ہمیں دیانت داری اور صداقت کے ساتھ خودداری اور غیرت کا بھی درس دیتا ہے۔ بدقسمتی سے مسلم حکمران ان صفات سے محروم ہو چکے ہیں۔ حقیقی انقلاب وقت کی ضرورت ہے۔