اسلام آباد(صباح نیوز)توشہ خانہ کیس فیصلے پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ روز اول سے کہتا رہا ہوں کہ عمران خان پاکستان کا غیر ضروری عنصر ہے اسے ہماری سیاست میں فیڈ کیا گیا ہے ،اس کی پشت پر بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس سے پہلے مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر قوم کی مبارکباد دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا عمران خان کی صداقت امانت اور دیانت طشت ازبام ہوگئی ہے، ہم نے میدان میں ان کو اقتدار سے نکالا ہے اور آج ملکی سیاست سے باہر کر دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امانت کا یہ عالم ہے کہ لوگوں کو چور کہتا ہے کہ پاکستان میں چوری کی ہے لیکن اس نے تو پوری دنیا کو لوٹا ہے، امریکہ اسرائیل یہودیوں اور انڈیا سے پیسہ لوٹا ہے، کوئی حساب نہیں ہے ۔
پاکستان ان جیسے عناصر سے نجات پائے گا جو لوگ ایسے آدمی کی پشت پناہی میں پاکستان میں تخریب کاری چاہتے ہیں پاکستان میں تخریب کاری نہیں چلے گی۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ عوام ایسے لوگوں کو کچل کرکے رکھ دیں گے، عام آدمی کے لئے مشکلات نہ پیدا کی جائیں ،جلوس ہم نے بھی نکالے ہیں ملین مارچ کئے لیکن عام آدمی کو تکلیف نہیں پہنچائی۔ یہ رد عمل پی ٹی آئی اور اس کے کارکنوں کی بوکھلاہٹ ہے، قوم ان حربوں سے گمراہ نہیں ہوگی۔