خواتین کا عظیم الشان عوامی جلسہ کل باغ جناح میں ہوگا حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے


کراچی (صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر نے کہا کہ حق دو کراچی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، اس سلسلے میں خواتین کا ایک عظیم الشان عوامی جلسہ باغ جناح کے وسیع گراؤنڈ میں 21 اکتوبر بروز جمعہ دوپہر 3 بجے منعقد کیا جا رہا ہے۔ جس سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔

اسماء سفیر نے کراچی کی ماؤں، بہنوں،بیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ 21 اکتوبر کے تاریخی جلسے میں کراچی کو اس کا حق دلوانے اور شہر کی تعمیر وترقی کی خاطر گھروں سے نکلیںاور عوامی جلسہ میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بلدیاتی انتخابات کا تیسری بار التواء سندھ حکومت کی کراچی دشمنی کا ثبوت ہے۔ شہر کو اس کے حقیقی نمائندوں سے محروم کرکے پیپلز پارٹی ریاستی دہشت گردی میں مصروف ہے۔

تباہ حال شہر کو مزید اندھیروں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔نہ جان و مال محفوظ ہیں اور نہ شہری سہولیات میسر ہیں۔ مہنگائی میں پسے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کو اول روز سے حل کرنے میں برسر پیکار ہے۔ دلوں پر راج کرنے والی عوامی جماعت کو طاقت اور ناجائز اختیارات استعمال کرکے عوام کی خدمت سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔