ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں، سینیٹر شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ  ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں، وسائل کی کمی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینٹر شیری رحمان  سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا  نے  ملاقات  کی۔  ملاقات کے دوران پاکستان میں سیلاب زدگان کی آبادکاری سمیت بحالی کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ وسائل کی کمی اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، حکومت متاثرہ علاقوں میں خیمے اور طبی امداد ترجیح بنیادوں پر فراہم کر رہی ہے۔

سینٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان آئندہ موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس میں ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں وسائل کی منصفانہ تقسیم پر زور دے گا، پاکستان عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم کا ذمہ دار ہے، ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں۔  یورپی یونین کی سفیر  نے متاثرہ علاقوں کی بحالی میں مکمل معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔