پیرس (صباح نیوز)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے فرانسیسی صدر کے سفارتی مشیر ایمانوئل بون سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان فرانس دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر مملکت نے پیرس میں پاکستانی سفارتخانے میں فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (AFD) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل برٹرینڈ والکنیر سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی، پائیدار شہری ترقی اور موسمیاتی لچک کے منصوبوں میں اے ایف ڈی کے تعاون کو سراہا۔اس موقع پر مستقبل کے تعاون کے شعبے بھی زیر بحث آئے۔ بعد ازاں وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے فرانسیسی سینیٹ میں فرانس پاکستان فرینڈشپ گروپ کے صدر سینیٹر پاسکل ایلیزارڈ اور گروپ کی رکن سینیٹر گیسیل جورڈا سے بھی ملاقات کی۔
یہ ملاقات فرانسیسی سینیٹ کی تاریخی عمارت میں ہوئی۔ وزیر مملکت نے پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص پارلیمانی تعاون کے حوالے سے سینیٹر ایلیزارڈ کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر ممالک کے درمیان سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، اقتصادی، ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔