نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت نے ایشیا کرکٹ کپ 2023 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے ۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم 2023 میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔
بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی)کے سیکریٹری جے شاہ نے منگل کو ممبئی میں ہونے والے بورڈ کے 91ویں سالانہ جنرل اجلاس کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ 2023 کا ایشیا کپ پاکستان میں نہیں بلکہ نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان 2023 میں 50 اوور کے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جس کے بعد ورلڈ کپ بھارت میں ہوگا۔
بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد اب پاکستان ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا، تاہم اگر کسی وجہ سے ایونٹ وہاں منعقد نہ ہو سکا تو بنگلہ دیش بھی متبادل وینیو بن سکتا ہے۔اس سے قبل یہ رپورٹس منظر عام پر آئی تھی کہ بھارتی بورڈ ایشیا کپ 2023 میں شرکت کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے۔