حکمران اتحاد کا معقولیت سے دستبرداری پر اصرار جاری رہا تو فیصلہ عوام کریں گے،فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)حکومتی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ اعلامیے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردِعمل سامنے آ گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اعلامیہ امپورٹڈ گروہ کی سیاسی سوچ اور مجرمانہ ذہنیت کا عکاس ہے،  عوامی مینڈیٹ کی یوں کھلی توہین پر اصرار مایوس کن ہے، ضمنی انتخابات نئے الیکشنز کیلئے ایک ریفرنڈم کی حیثیت رکھتے تھے، اس عوامی ریفرنڈم کے فیصلے کا احترام کیاجانا چاہئیے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ   جمہوریت میں عوام کی مرضی اور منشا کو بنیادی حیثیت حاصل ہوتی ہے،  عوامی مینڈیٹ کی توہین کا تصور مجرموں کے ہاں تو ملتا ہے، جمہوریت پر اعتقاد رکھنے والی سیاسی قوتیں اسے کبیرہ گناہ تصور کرتی ہیں، عوامی مینڈیٹ کی توہین کے کلچر پر مستحکم جمہوریت کی بنیادیں استوار نہیں کی جاسکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہماری تاریخ گواہ ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی روایت نے قومی ڈھانچے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے،  17 جولائی کے بعد 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات کے ذریعے عوام نے فیصلہ دیا ہے کہ وہ ملک میں ازسرِ نو انتخاب چاہتے ہیں،  نااہل، نکما اور مفاد پرست گروہ محض اپنے ذاتی مفاد کیلئے ملک کو بحران کے سپرد کئے رکھنے پر بضد ہے، معیشت کی نہایت کمزور اور پیچیدہ صورتحال بحران کے تسلسل کی قطعا اجازت نہیں دیتی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ  معاشی و سیاسی بحران کے حل کی راہ صاف شفاف انتخابات کے فوری انعقاد سے جڑے سیاسی استحکام سے نکلتی ہے، قوم کسی طور مجرموں کو نظام پر قابض رہ کر ملکی سلامتی و یکجہتی کو خطرے میں ڈالتے رہنے کی اجازت نہیں دے گی، معاملات سیاسی عاقبت نا اندیشوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے ریاست سنجیدگی سے بحران کے فوری حل کی تدبیر کرے،  معقولیت سے دستبرداری پر اصرار جاری رہا تو فیصلہ عوام کریں گے۔