نشتراسپتال ملتان سے مسخ شدہ لاشوں کے معاملے پر 3 ڈاکٹر، 3 ملازمین اور2 ایس ایچ اوز معطل


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ملتان کے نشتر ہسپتال کی چھت میں مسخ شدہ لاشوں کے معاملے پر 3 ڈاکٹر، 3 ملازمین اورمتعلقہ تھانوں کے دو ایس ایچ اوز کو معطل کردیا۔وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس  پیر کے روز لاہور میں ہوا جہاں صوبائی وزیراسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ کو نشتر ہسپتال ملتان کی چھت میں لاشیں پھینکنے کے واقعے کے بارے میں ہونے والی انکوائری رپورٹ پر بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کو نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر لاشیں پھینکنے کے واقعے پر ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پر غفلت کے ذمہ دار نشتر ہسپتال کے 3 ڈاکٹروں، 3 ملازمین اور متعلقہ تھانوں کے دو ایس ایچ اوز معطل کردیا گیا۔ جن ڈاکٹروں کو معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے ان میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اناٹومی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مریم اشرف، ڈیموسٹیٹر ڈاکٹر عبدالوہاب اور ڈیموسٹیٹر ڈاکٹر سیرت عباس شامل ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے ملازمین غلام عباس، محمد سجاد ناصر اور عبدالروف، ایس ایچ او تھانہ شاہ رکن عالم کالونی عمر فاروق اور ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سعید سیال کو بھی معطل کردیا ہے۔

وزیراعلی چوہدری پرویز الہی نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ لاشوں کے ساتھ ایسا برتا ئوکسی صورت میں قبول نہیں۔ وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ اس گھنانے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے، دین اسلام میں لاشوں کی تجہیز و تدفین کی تعلیمات بالکل واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے، لاشوں کی بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔

وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزیراسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق وفاقی وزیر مونس الہی، انسپکٹر جنرل(آئی جی) پولیس فیصل شاہکار، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کیپٹن(ر)اسد اللہ، اسپیشل سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ملتان میں نشتر ہسپتال کے مردہ خانے کی چھت پر لاوارث لاشوں کے پریشان کن مناظر سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے تھے، جس کے بعد محکمہ صحت جنوبی پنجاب نے ملتان کے نشتر ہسپتال کی چھت سے لاشوں کی برآمدگی کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔ اس سے قبل رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ وزیر اعلی کے مشیر چوہدری زمان گجر نے ہسپتال کا دورہ کیا اور مردہ خانے کی چھت پر کئی مسخ شدہ لاشیں دیکھیں۔