لاہو ر(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل کی مجلسِ قائدین سپریم کونسل کا اجلاس 23 اکتوبر 2024ء کو منصورہ لاہور میں ہوگا۔ صدر مِلی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کے طلب کردہ اجلاس کی میزبان جماعتِ اسلامی ہوگی،
دستور کے مطابق آئندہ 3 سال کے لیے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر اور سیکرٹری جنرل کا انتخاب ہوگا۔ ملی یکجہتی کونسل تمام دینی مسالک کی جماعتوں کا غیرانتخابی متحدہ پلیٹ فارم ہے، جس کے پیشِ نظر فرقہ ورانہ ہم آہنگی، اتحادِ اُمت، غلبہ دین اور ملک میں اتحاد و وحدت کا ماحول برقرار رکھنا ہے۔
لیاقت بلوچ نے باجوڑ خیبرپختونخوا جماعتِ اسلامی کے رہنما قاری عبدالمجید اور دو دیگر کارکنان کی حادثہ میں شہادتوں پر مرکزِ اسلامی باجوڑ میں تعزیت کی۔ اِس موقع پر صاحبزادہ ہارون الرشید، سردار محمد، مولانا وحید گل، عابد سراج خان اور مرحومین کے بیٹے اور خاندانوں کے مشران موجود تھے۔ المناک حادثہ سے باجوڑ جماعتِ اسلامی متحرک اور مخلص کارکنوں سے محروم ہوگئی، قاری عبدالمجید کا مشن اقامتِ دین کامیاب ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد، راولپنڈی میں قائدین اور سیاسی مشاورتی اجلاس میں کہا کہ جماعتِ اسلامی شنگھائی تعاون تنظیم کے اسلام آباد اجلاس کا خیرمقدم کرتی ہے۔
لیاقت بلوچ نے سیاسی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت پنجاب، وفاقی حکومت اسلام آباد اور بلوچستان حکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کرائیں، عوام کو شہری حقوق سے محروم کرنے کے غیرآئینی رویہ ترک کرے۔ وفاقی حکومت، خیبرپختونخوا، بلوچستان صوبائی حکومتیں اور سیکیورٹی ادارے عوام کا اعتماد بحال کریں، عوام امنِ عامہ کے قیام کی کوششوں کی پُشت پر ہونگے تو ملک دُشمن عناصر کی بیخ کنی ہوگی۔ حکومت بیک وقت عوام اور دہشت گردوں سے جنگ میں خسارہ ہی برداشت کرے گی۔