این ایف آر سی سی کا اجلاس،سیلاب متاثرہ علاقوں میں مشترکہ سروے جلد مکمل کرنے کے لئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل فلڈ رسپونس کوآرڈینیشن سنٹر (این ایف آر سی سی) نے وزارت فوڈ اینڈ سیکیورٹی اورصوبوں کے درمیان ربیع کے لئے بیجوں کی خریداری اور تقسیم کا معاملہ فوری حل کرنے پر زور دیا ہے۔ مشترکہ سروے جلد مکمل کرنے کے لئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق این ایف آر سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر احسن اقبال کی صدارت میں پیر کے روز منعقد ہوا،اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کے علاوہ وزارت فوڈ سیکیورٹی کے حکام اور صوبائی سیکرٹریز زراعت بھی شریک ہوئے، اس موقع پر سیلاب زدہ علاقوں میں کھڑے سیلابی پانی کی نکاسی کے اقدامات، دریائوں، ڈیموں میں پانی کی آمد و اخراج پر بریفنگ دی گئی۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری مشترکہ سروے پر اب تک کی پیش رفت بارے بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے 20 اضلاع، بلوچستان کے 26 اضلاع میں مشترکہ سروے مکمل جبکہ سندھ کے 22 اضلاع، بلوچستان کے 6 اضلاع، خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع اور پنجاب کے 2 اضلاع میں سروے جاری ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مشترکہ سروے جلد مکمل کرنے کے لیے ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا،

اجلاس میں متاثرہ کسانوں کو ربیع کی فصل کے بیج کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ احسن اقبال نے وزارت فوڈ سیکیورٹی اور صوبوں کو بیجوں کی خریداری اور تقسیم کا معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو ٹانک میں متاثرین کے لیے ماڈل ولیج کے قیام کی پیش رفت پر بریفنگ بھی دی گئی۔