آرمی چیف سے ناروے کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ناروے کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت، ہر شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ناروے کے سفیر البرٹ الاساس نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،

دونوں جانب سے ہر شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ ناروے کے سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔ ناروے کے سفیر نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دھانی کرائی۔