حکومت کے پاس کھربوں کی امداد،متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے کوئی پلان نہیں ،لیاقت بلوچ


راولپنڈی (صباح نیوز)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستا ن لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وفاقی وصوبائی حکومتوں سمیت دیگرحکومتی اداروں کے پاس کھربوں روپے متاثرین سیلاب کے لیے جمع ہوئے لیکن آج بھی متاثرین محروم ہیں،حکومت کے پاس ساڑھے3کروڑ انسانوں کی بحالی کاکوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ ڈونرزاوررضاکارہمارااثاثہ ہیں اہل خیرکی امانتیں متاثرین تک پہنچانے کیلئے شفاف نظام بنادیا۔دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت ہمارامشن ہے ۔

ان خیالات کااظہارانھو ں نے الخدمت فاؤنڈیشن پی پی 14کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی صدرالخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب رضوان احمد،امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی ،نائب امیرضلع سیدعزیرحامد،امیرزون چوہدری رضا محمد،حکیم عزیزالرحمن ، ندیم شیرازخان،ناظم بٹ سمیت دیگرنے بھی اس موقع پر اظہارخیال کیا۔متاثرین سیلاب کی خدمت کرنے والے ڈونرزاور رضاکاروں کواس موقع پراعزازی شیلڈز بھی دی گئیں ۔

رضوان احمد نے کہاکہ پاکستان کے 80اضلاع سیلاب سے متاثرہوئے ،دکھی انسانیت خدمت ہمارا مشن،پورے ملک سے ہرطبقے نے الخدمت پراعتماد کیا۔ریسکیواور ریلیف پر10ارب سے متاثرین کی خدمت کی ،بحالی کے لیے الخدمت پاکستان نے 5ارب روپے سے الخدمت تعمیروطن پروگرام کا آغازکردیا ہے ۔سیدعارف شیرازی نے کہاکہ ضلع راولپنڈی میں اہل خیراور کارکنان نے بہت منظم اور موثراندازمیں متاثرین سیلاب کے لیے امدادی سامان کی فراہمی میں کرداراداکیا ،مواخات مدینہ کی طرزپرخدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔