کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کہحکمرانوں کی تمام تر توجہ آئی ایم ایف اور امریکہ بہادر کو خوش کرنے پر ہے لیکن جوبائیڈن کے بیان نے ان کی تمام تر کوششوں پر پانی پھیردیا ہے،امریکہ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ اپنے مزموم عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پاکستان کو معاشی،سیاسی اور فوجی بنیادوں پر ناکام ثابت کرنے کیلئے ہر ہتھکنڈہ آزمانے کیلئے تیار ہیں، حکمران جس امریکہ کی خوشنودی کیلئے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برساتے ہیں وہ ہمیں ڈسنے کا کوئی موقع ضایع نہیں کرتا، اسرائیل،بھارت اور امریکہ ہمارے جوہری پروگرام کو رول بیک یا اقوام متحدہ کی نگرانی میں لانے کیلئے سازشیں کررہے ہیں جنہیں کچھ اندرونی غداروں کی حمایت بھی حاصل ہے لیکن جماعت اسلامی اغیار کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی،ہم پاکستان کے جغرافیائی،عسکری اور اسلامی آئین ودستور کے محافظ ہیں جس کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے بہت بڑی قربانیان دی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی شہداد پور میں جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے ضلعی ذمہ داران و ضلعی مجلسِ شوریٰ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں پروگرام میں الخدمت فاوْنڈیشن کی جانب سے بارش متاثرین کیلئے کی گئی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا خشک راشن کی تقسیم ، خیمہ بستیوں کا قیام ان میں تعلیم و تربیت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر ضلعی امیر رفیق منصوری، جنرل سیکریٹری عبدالغفور انصاری، مشتاق احمد سمیت دیگر ضلعی اور مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔
محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی 40 سال سے سندھ پر قابض ہے لیکن انہوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ، اس سال ہونے والی بارشوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے انہوں نے جماعت اسلامی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ ضلع سانگھڑ کو دین اور جماعت کا مرکز بنانا ہے تاکہ سانگھڑ تحریک اور دعوت کے اعتبار سے رول ماڈل ضلع بن سکے، تیل،گیس اور زراعت سے بھرپو رضلع کے عوام جدید دور میں بھی تعلیم، صحت،روزگار اور صاف پانی سمیت بنیادی انسانی ضروریات سے بھی محروم ہیں حکمران ٹولہ محض دعووں اور بے بنیاد نعروں کے ذریعے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش میں مصروف ہے۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ نااہل، کرپٹ اور بے حس حکمرانوں کی وجہ سے آج ملک نازک دوراہے پہ کھڑا ہے اور عوام کا عدالتوں،محافظوں سمیت ہر ادارے سے اعتماد ختم ہوچکا ہے یہاں صرف طاقتوروں کو انصاف مل رہا ہے جبکہ کمزور سالوں تک عدالتوں کی چوکھٹ پر ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مرجاتا ہے، جماعت اسلامی اور الخدمت سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔