کراچی (صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی شرعی عدالت میں سود کے خلاف فیصلہ دینے والے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نور محمد مسکانزئی کا دوران نماز بے دردی سے قتل انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے -نماز کے دوران معزز جج کی شہادت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے سوالیہ نشان ہے –
ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے سابق چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی کی شہادت پر اپنے تعزیتی بیان میں کیا-انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی کی سربراہی میں آئین پاکستان کے تحفظ کے لئے عدالتی سطح پر قابل تعریف کام کیا گیا-پاکستانی معیشت کو اسلامی اصولوں سے ہم کنار کرنے کے حوالے سے سود کے خلاف فیصلہ دینا نور محمد مسکانزئی کا جرآت مندانہ اقدام ہے-عدلیہ کے ایک دیانتدار اور ایمان دار سربراہ کو اللہ کے حضور سربسجود حالت میں بے دردی سے شہید کر دیا جانا ایک اسلامی جمہوری ملک کی حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے –
انہوں نے مزید کہا کہ جوحکومت معزز جج صاحبان کی حفاظت نہیں کر پا رہی , ایسی حکومت سے عوام اپنے جان و مال کے تحفظ کی کیا امید وابستہ کر سکتے ہیں-انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے-اور معزز جج صاحبان کی حفاظت و سلامتی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں -نیز کہ پوری قوم چیف جسٹس کی شہادت پر رنجیدہ ہے اور سود کے خلاف ان کے جرآتمندانہ فیصلے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔