بلدیاتی انتخابات:ووٹرز سے رابطے کے لیے ”ون ملین کالز” کی جائیں گی.حافظ نعیم الرحمن


 کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 23اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں جماعت اسلامی کی جانب سے ووٹروں سے رابطے اور کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے ترازو پر مہر لگوانے کے لیے ”ون ملین کالز” کی جائیں گی ،کراچی کے ہر ووٹر سے ہماری اپیل ہے کہ ان کا تعلق خواہ کسی بھی پارٹی سے ہو اور وہ کہیں بھی رہتے ہوں کراچی کی خاطر جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کو ووٹ دیں تاکہ کراچی میں جماعت اسلامی کامیئر منتخب ہوسکے اور عوام کے دیرینہ وسنگین مسائل حل ہوسکیں ۔سندھ حکومت الیکشن کمیشن کے واضح اعلان اور عدالتی حکم کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ابہام پیدا کررہی ہے ،خواتین کارکنان اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ پوری یکسوئی کے ساتھ اور ہر جہت پر سوشل میڈیا مہم کو مزید تیز کریں،ٹویٹر، فیس بک اور واٹس ایپ کا مؤثر استعمال کریں ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کے تحت خواتین سوشل میڈیا ایکٹویسٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ناظمہ کراچی اسماء سفیر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ میں اس پروگرام کے توسط سے تمام مرد و خواتین کارکنان سے کہتا ہوں کہ 23اکتوبر کو آنے میں اب جتنے بھی دن باقی رہ گئے ہیں ان کو بھرپور اور مؤثر منصوبہ بندی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ،اپنے ہر واقف کار ،رشتہ داروں کو فون کریں ،بیرون ملک مقیم افراد جن کا تعلق کراچی سے ہے وہ بھی کراچی میں مقیم اپنے رشتہ داروں اور دوست احباب کو فون کریں اور جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگانے کے لیے آمادہ کریں ۔لوگوں پر زور دیں کہ 23اکتوبر کو اپنے گھروں سے نکلیں ،ووٹ ڈالنے کا فریضہ انجام دیں اور ترازو کو کامیاب بناکر کراچی کو بدلنے اور ازسرنو تعمیر وترقی کے لیے نئے سفر کو شروع کرنے میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں اور اتنی زیادہ تعداد میں نکلیں کہ انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوجائیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی کے عوام مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں وہ اس سے نکلنا چاہتے ہیں ،ماضی میں جن لوگوں نے کراچی سے مینڈیٹ حاصل کیا ان کی نااہلی اور عوام کے مسائل سے عدم دلچسپی کے باعث ان سے مایوس ہوچکے ہیں ، ان حالات میں جماعت اسلامی نے عوام کی حقیقی ترجمانی کی ہے ،مسلسل اورمنظم انداز میں عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے ،جماعت اسلامی کو ماضی میں جب بھی موقع ملا ہم نے کام کرکے دکھایا ہے اور آئندہ بھی جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کروانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔اسماء سفیر نے کہاکہ  جب بڑا معرکہ درپیش ہو تووقت ضائع کیے بغیر چاق وچوبند رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک سپاہی چاہے کتنا ہی ہتھیاروں سے لیس ہو، تنہا کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کامیابی کے لیے اجتماعیت سے جڑنا لازمی ہے۔اللہ کی مدد اس وقت آتی ہے جب اللہ یہ دیکھتا ہے کہ میرے بندے میری خاطرکتنے انہماک اور یکسوئی کے ساتھ اپنے محاذ پہ ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں۔آج ضرورت اس بات کی ہے جس فرد کا جو محاذ ہے اور جہاں جس کی ذمہ داری ہے وہ پوری تندہی کے ساتھ اپنے محاذ پر اپنی ذمہ داری پوری کرے۔