پاکستان زندہ آباد یوتھ لیڈر شپ کنونشن ملک میں نئی صبح کا آغاز ہوگا، سراج الحق


لاہور(صبا ح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے حکمران عوام کے نہیں استعمار کے نمائندے، امریکی صدر سے ہاتھ ملا لینا ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے اصل مقاصد کا سب کو پتا ہے، پی ڈی ایم نے بھی اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے تھے۔ اکیسیویں صدی ہے، قوم ان غلام ابن غلام استعمار کے وفاداروں کے چہروں کو پہچان چکی، سب کو معلوم ہے دونوں اطراف اسٹیبلشمنٹ سے دودھ کی بوتل حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ملک معاشی و سیاسی دہشت گردی کا شکار، مسائل کی ذمہ دار موجودہ سابقہ حکومتیں ہیں۔ 65 فیصد یوتھ مسائل میں گھرے ملک کے لیے امید کی کرن ہے۔ نوجوانوں کو منظم کریں گے، 30 اکتوبر کو مینار پاکستان تلے ملک بھر سے نوجوانوں کو اکٹھا کررہے ہیں۔ یقین ہے پاکستان زندہ آباد یوتھ لیڈر شپ کنونشن ملک میں نئی صبح کا آغاز ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گریٹر اقبال پارک میں یوتھ کنونشن کی تیاریوں کے جائزہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد، صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود ہے۔ امیر جماعت نے امریکی صدر کے بیان جس میں انھوں نے پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کو دنیا کے لیے خطرہ کہا ہے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی جوبائیڈن کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے جو امن، سلامتی اور خوشحالی کا علمبردار ہے، دنیا کے امن کو خطرہ امریکہ سے ہے، یہ امریکہ ہی تھا جس نے جاپان پر ایٹمی حملہ کرکے لاکھوں معصوموں کا قتل عام کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے فوری طور پر سخت مذمتی بیان جاری کرے۔ انھوں نے وفاقی شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکن زئی کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

انھوں نے کہا محمد نور وہ جج تھے جنہوں نے سود کو حرام قرار دیا مگر ہمارے حکمران سود جاری رکھنے پر بضد ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک اور خصوصاً خیبر پختونخواہ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان بھی مسائل کے انبار بنے ہوئے ہیں۔ ملک میں آئین و قانون کی نہیں افراد اور خاندانوں کی حکمرانی قائم ہے۔ مافیاز، جاگیرداروں وڈیروں نے قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ ملک کا نوجوان حالات سے پریشان اور مایوس ہو چکا ہے۔ ذہین نوجوان یا تو ملک سے بھاگ رہے ہیں یا ڈپریشن کا شکار ہو کر نشہ کے عادی بن چکے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے الٹا صاحب روزگار افراد کو بھی بے روزگار کردیا۔ بنکوں سے نوجوانوں کو قرضے کے وعدے کرکے سود کی لعنت ساتھ ملا دی گئی۔ نوجوانوں کے لیے تعلیم مہنگی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی عدم دستیابی ہے۔ تعلیمی اداروں میں نشہ فروخت ہورہا ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتیں یوتھ کی بہتری کا کوئی پلان مرتب نہیں کرسکیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھرسے یوتھ لیڈر شپ کو اکٹھا کررہی ہے جہاں ہم انہیں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کرکے اسلامی انقلاب برپا کرے گی اور یقینی طور پر ملک کے مسائل کا حل نظام مصطفیٰۖ میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ آڈیو لیکس کی سیاست عوام کے لیے نہیں، سبھی ایکسپوز ہورہے ہیں۔ جو حکمران اپنے دفاتر اور گھروں کی حفاظت کرنے سے قاصر ہیں وہ ملک کی حفاظت کیسے کریں گے۔ مزید برآں یوتھ لیڈر شپ کنونشن کی تیاریوں کے لیے سیکیورٹی، میڈیا سمیت تمام کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کنونشن میں مختلف اسلامی ممالک کی یوتھ لیڈرشپ کو بھی مدعو کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ ملک کی نامور شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی نوجوان قیادت بھی کنونشن میں شرکت کرے گی جن کو ایوارڈر اور انعامات بھی دیے جائیں گے۔ امیر جماعت ایک روزہ کنونشن سے کلیدی خطاب اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ انتظامیہ کو کنونشن کی اجازت کے لیے ایک ماہ قبل ہی درخواست دے دی تھی۔کنونشن کے دوران گریٹر اقبال پارک کے ایک پودے کوبھی نقصان نہیں ہوگا اور جماعت اسلامی کی روایات کی طرح پارک کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔