30 اکتوبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا” یوتھ کنونشن” تاریخی ثابت ہوگا۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ30 اکتوبر کو لاہور مینار پاکستان کے مقام پر ہونے والا یوتھ کنونشن تاریخی ثابت ہوگا۔ جس میں لاکھوں نوجوان موجودہ فرسودہ نظام سے نجات کی خاطر اکٹھے ہوںگے اور سراج الحق پر اعتماد کا اظہار کریںگے۔ ملک کے با شعور نوجوان پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں سے ہی مایوس ہو چکے ہیں ۔ اب وقت آگیا ہے کہ فرسودہ نظام سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے 30 اکتوبر کے کنونشن میں وکلاء برادری سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں وکلاء کے اجلاس اور لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  آئین کے آرٹیکل 62اور 63اس بات کا ضامن ہے کہ قوم کے نمائندے ایماندار،محب وطن اور بے داغ کردار کے حامل ہوں۔ ان کے خلاف پروپیگنڈا کر کے ان شقوں کو  نشانہ بنایا جانا قابل افسوس ہے ۔جب تک ان پر من و عن عمل درآمد نہیں ہو گا، اسمبلیاں چوروں، ڈاکوئوں اور کرپٹ افراد سے بھری پڑی رہیں گی۔ سپریم کورٹ نے اس حوالے سے امیر جماعت سراج الحق کو صادق و امین قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 28.442فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ رہی سہی کسر نیپرا کی جانب سے فیول چارجز کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے نے پوری کردی ہے۔ اتحادی حکومت کے پاس معاشی وژن ہے اور نہ ہی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی صلاحیت ہے۔  محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تھت کچھ لوگ اداروں کو متنازعہ بنارہے ہیں ۔ یہ سیاسی کھیل جمہوریت کے استحکام کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔ حالات کو اس نہج پر نہیں لے کر جانا چاہیے کہ غیر سیاسی قوتوں کے لیے کوئی موقع پیدا ہو۔ موجودہ حالا ت کا تقاضا ہے کہ اداروں کو سیاست سے پاک رکھا جائے اور تمام سیاستدان ہوش کے ناخن لیں