وزیراعظم کی شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت کے آبائی گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار

فیصل آباد(صباح نیوز)وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے شہدا مجھ سمیت پوری قوم کا فخر اورہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں، ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔

وزیراعظم فیصل آباد کے علاقہ چک 4 ج-ب میں شہید لیفٹیننٹ کرنل محمدعلی شوکت کے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر گفتگوکر رہے تھے-وزیردفاع خواجہ آصف،وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ خاں اورسینیٹرطلال چوہدری بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم محمد شہبازشریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنہ الخوارج کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کے فیصل آباد میں آبائی گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء مجھ سمیت پوری قوم کا فخر اورہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ پاکستانی قوم اپنے شہدااور ان کے اہل خانہ کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید نے جان کی پروا ہ کئے بغیر دشمن کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کیا اور وطن سے وفا کے اپنے عہد کی پاسداری کی۔ لیفٹیننٹ کرنل محمدعلی شوکت 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کو شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوگئے تھے۔ ان کے ہمراہ پاک فوج کے 5 دیگر جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا جبکہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔۔