پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے،خرم دستگیر


گوجرانوالہ(صباح نیوز) وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی بریک ڈائون کے بعد کم مدت میں بجلی کانظام بحال کیا،ملک بھرمیں اس وقت بجلی کا نظام مکمل بحال ہے،بریک ڈائون کی وجہ کیاتھی اس حوالے سے انکوائری رپورٹ پیر کو موصول ہوگی، پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہے اس بارے امریکی صدر کا بیان بے بنیاد ہے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار گوجرانوالہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر توانائی نے کہاکہ بجلی بریک ڈائون کے باعث بجلی سپلائی متاثر ہوئی تھی،بریک ڈائون کوئی معمولی واقعہ نہیں تھا،پورے ملک میں بلیک آئوٹ نہیں، بریک ڈائون کو آدھے حصے تک محدود رکھا گیا اس کے بعد قلیل مدت میں بجلی کا سسٹم بحال کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کا عمل شروع ہوچکاہے،فیصل آباد، ملتان، سکھر، حیدرآباد اور بلوچستان میں بجلی کا نظام بحال کر دیا گیا ہے، اس وقت ملک میں بجلی کی ترسیل اور پیدا وار معمول کے مطابق جاری ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ کسی جگہ بھی ٹرانسمیشن میں خرابی کی وجہ سے شٹ ڈائون نہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقے بھی اب بجلی کے سسٹم سے منسلک ہیں جن علاقوں میں سیلاب کا پانی تھا ان علاقوں کی بجلی بھی بحال کردی گئی ہے۔ وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ خیرپور ناتھن شاہ میں ابھی بھی پانی موجود ہے،سندھ کے بعض علاقوں میں بجلی کا بریک ڈائون پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ہے،جن علاقوں میں سیلابی پانی موجود تھا وہاں کے بعض مقامات پر بھی بجلی بحال کردی،سکھر،حیدرآباد،فیصل آباد اور بلوچستان کو بجلی کی سپلائی بحال ہوگئی ہے، ملک بھرمیں اس وقت بجلی کا نظام مکمل بحال ہے۔

انہوں نے کہاکہ بریک ڈائون کے بعد کم مدت میں بجلی نظام بحال کیا،ملک بھر میں بلیک آئوٹ نہیں ہوا بلکہ بریک ڈائون کوآدھے حصے تک محدود رکھا گیا،کسی جگہ بھی ٹرانسمیشن میں خرابی کی وجہ سے شٹ ڈائون نہیں ہے۔وزیر توانائی نے کہاکہ بجلی کی قیمت میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 9روپے 70پیسے فی یونٹ کمی آئی،ان کا کہناتھا کہ تھر کوئلے سے2640 میگا واٹ بجلی پیداکی جائے گی،تھرمیں 2پاور پلانٹس نے بجلی بنانا شروع کردی ہے،تھر کا کوئلہ امپورٹڈ کوئلے سے 10گنا سستاہے ،تھر میں اتنا کوئلہ ہے کہ ایک لاکھ میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھ سے سات ماہ میں تھر سے حیدر آباد تک ریلوے کی نئی لائن لگائیں گے۔

خرم دستگیر نے کہاکہ  ضمنی انتخابات شفاف اورا چھے ماحول میں ہوں گے،مریم نوازپر کوئی الزام نہیں،وہ مکمل آزاد ہیں،ان کو پاسپورٹ مل گیا تب وہ لندن گئیں۔امریکی صدر کے بیان پر وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیرنے کہاکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت محفوظ ہے، ایٹمی پروگرام پر ہر قسم کی مکمل پروٹیکشن بین الاقوامی طور پر مسلمہ ہے، عالمی ایجنسیز درجنوں مرتبہ اس بات کی تصدیق کرچکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام بارے امریکی صدر جو بائیڈن کا بیان بے بنیاد اور غلط ہے۔