پاکستان کا بھارت کے جنگی جنون پر شدید تحفظات کا اظہار


اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان نے مہلک ہتھیاروں کے حصول کیلئے بھارت کے جنگی جنون پر شدید تحفظات کا اظہار کیاہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بھارت کی طرف سے ایٹمی صلاحیت کے حامل بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کے بارے میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی اپنے ہمسایوں کیلئے متعصبانہ سوچ سے جنوبی ایشیا کا امن و استحکام خطرے میں پڑ گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کیلئے یہ باعث تشویش ہونا چاہیے کہ ایک ایسے وقت میں جب خطہ پہلے ہی انتہا پسند ہندوتوا نظریے کے حقیقی اور بڑھتے ہوئے خطرے سے دوچار ہے ‘ بی جے پی اور آر ایس ایس حکومت اسلحہ کی دوڑ میں لگی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کا حالیہ تجربہ خطے کی سیاسی اور سلامتی کی فضا کو مزید خراب کرے گا۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی آب دوز تلاش کر کے پاک بحریہ نے بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنی تیاری ثابت کردی،

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف جیت کا جشن منانے والے کشمیری طلبا کی گرفتاریوں پر اظہار تشویش کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں اور دنیا بھر میں پاکستانی مشنز نے تنازع کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرمیاں کیں، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے بارہا کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال کا پاکستان پر براہ راست اثر ہو گا، ہم افغانستان میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں،  افغانستان نے پاکستان میں سفارت خانہ اور قونصل خانوں میں نئے افسران کی تعیناتی کی ہے، انہوں نے دیگر سفارت خانوں میں ایسی ہی تقرریاں کیں ہیں۔

دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران پاکستان کے قریب ہیں، وزیر خارجہ کے دورہ سعودی عرب اور ایران اور ایران سعودیہ ثالثی کے درمیان ترلق دکھائی نہیں دیتا، پاکستان کی سعودی عرب کو 2500 افواج کی فراہمی پر معلومات نہیں ہیں،  تبصرہ نہیں کر سکتے، پاکستان اور سعودی عرب کے طویل المدت تاریخی تعلقات ہیں، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کے معاملات انتظامی امور ہیں۔