وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی امریکی سیکرٹری خزانہ کے قونصلر برائے بین الاقوامی امور ڈیوڈ لپٹن سے ملاقات


واشنگٹن(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو واشنگٹن ڈی سی میں امریکی سیکرٹری خزانہ کے قونصلر برائے بین الاقوامی امور ڈیوڈ لپٹن سے ملاقات کی۔

اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، مالیات، سرمایہ کاری اور معاشی شعبہ میں تعلقات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ نے ڈیوڈ لپٹن کو پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیرنو اور متاثرین کی بحالی کیلئے تمام تر کوششوں کو یقینی بنا رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے پائیدار اقتصادی نمو اور اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔واضح رہے کہ وزیر خزانہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے حکام کے ساتھ مذاکرات کیلئے ان دنوں امریکہ کے دورہ پر ہیں۔ اس دورہ کے دوران وہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حکام کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ دوطرفہ اور کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت داروں اور اداروں کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے