اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی کے نظام میں آنے والا خلل تیزی سے بحالی کی جانب گامزن ہے، انشا اللہ جلد بجلی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ کراچی سمیت اندرون سندھ کے علاوہ کوئٹہ اور جزوی طور پر ملتان اور فیصل آباد میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ بریک ڈاؤن کے فوری بعد سیکرٹری پاور اور این ٹی ایم ڈی سی یہاں آگئے تھے اور انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا، میں بھی یہاں آکر اس کی ذاتی نگرانی کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس بریک ڈاؤن کے نتیجے میں ہمارے سسٹم میں سے پاور پلانٹس کی بڑی تعداد اس وقت غیرفعال ہوگئی، اس کے سبب تقریباً 8 ہزار مگا واٹ کی سپلائی متاثر ہوئی تھی، اب تک ہم نے 4 ہزار 700 میگا واٹ کی سپلائی بحال کرلی ہے۔خرم دستگیر نے کہا کہ اس کے نتیجے میں اب تک ملتان اور فیصل آباد میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہوگئی ، حیدر آباد میں بجلی کی فراہمی میں تاحال رکاوٹ ہے لیکن سکھر سے دادو اور شکارپور تک ہم نے بجلی کی فراہمی جزوی طور پر بحال کردی ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ الیکٹرک کمپنی کی سپلائی بھی اب سبی تک بحال ہوگئی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوری تندہی سے کوشش میں لگے ہوئے ہیں، 3 قسم کی ٹیمیں اس وقت میدان میں ہیں، ری کنکشن ٹیم، ریپیئرنگ ٹیم کے علاوہ ہم نے انکوائری ٹیم کو بھی ہدایت دے دی ہے جو 4 روز میں وزارت توانائی کو رپورٹ دے گی کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا۔ وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ ہوئی کہ ہم نے ملک کے شمال کو اس بریک ڈاؤن سے محفوظ رکھا، ہماری پوری کوشش ہے کہ مشرق سے عشا کے درمیان سسٹم کو مکمل طور پر بحال کردیں گے، بند ہونے والے پاور پلانٹس کو دوبارہ سٹارٹ کرنے میں کئی گھنٹے درکار ہیں، چند گھنٹوں میں ان پلانٹس کو فعال کردیں گے اور انشا اللہ شام 7 سے 8 بجے تک سسٹم مکمل طور پر بحال ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری ترجیح کوئٹہ اور کراچی شہر میں بجلی کی فراہمی بحال کرنا ہے، انشا اللہ یہ معاملہ حل ہوجائے گا، ابھی اس کی اصل وجہ معلوم ہونی ہے کہ یہ حادثہ تھا یا کوئی اور مسئلہ تھا، انکوائری ٹیم کی رپورٹ کے مطابق تادیبی کارروائی کریں گے۔خرم دستگیر نے کہا کہ بجلی کے نظام میں آنے والا خلل تیزی سے بحالی کی جانب گامزن ہے، وزارت توانائی اور این ٹی ڈی سی کے سربراہان اور عملے کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور اس معاملے کے حل میں اپنا پورا کردار ادا کیا، انشا اللہ تمام صارفین کے لئے بجلی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے جنوب میں 2 لائنیں ہیں، ایک این کے ون کے نام سے لائن ہے اور دوسری جامشورو کی لائن ہے، دونوں میں بیک وقت فالٹ آیا جو اچھنبے کی بات ہے، انکوائری کے بعد اصل وجہ معلوم ہوگی۔