عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومتی ذمہ داری ، جماعت اسلامی اس حوالے سے جدوجہد جاری رکھے گی۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ درحقیقت بھتہ ہے جو زبردستی عوام کی جیبوں سے نکلوایا جاتا ہے جب تک پاکستان کے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا جاتا اس وقت تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ایک طرف پورا ملک سیلاب کی زد میں ہے، اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور تباہ کاریاں جاری ہیں، عوام بد حال اور انتہائی کسمپرسی کا شکار ہیں، لوگوں کے جان و مال سب کچھ سیلاب میں بہہ گیا ہے مگر دوسری جانب حکمران صرف فوٹو سیشن میں مصروف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سال کے دوران 2لاکھ 86ہزار افراد بیرون ممالک کا رخ کرگئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب کی ہے۔ ملک میں 7کروڑ 92لاکھ افراد نا مساعد حالات کی وجہ سے ذہنی دباو کا شکار ہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ظالم حکمرانوں کو عوام کا احسا س ہی ختم ہو چکا ہے۔ ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیے گے ہیں، مگر ملک میں خوشحالی نظر آتی ہے اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میں آسودگی نظر آتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرح موجودہ اتحادی حکومت کے پاس بھی کوئی معاشی وژن نہیں۔ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف ،تینوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ عوام نے ان سب کو آزمالیا ہے مگر کوئی بھی عوامی توقعات پر پور ا نہیں اترا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سماجی خدمات کے شعبہ جات، ترقی اور معیشت کی بحالی کے لیے کسی قسم کی کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی ۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں سے سرکاری ملازمین اور عام دیہاڑی دار طبقہ کوئی بھی خوش نہیں ہے۔ عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ لوگ اپنے معاشی حالات سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں