سیلاب متاثرہ بچوں کے تعلیمی سلسلے کو برقرار رکھنے کے لئے 17 عارضی خیمہ اسکول قائم


لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کے تعلیمی سلسلے کو برقرار رکھنے کے لئے 17 عارضی خیمہ اسکول قائم کردیئے گئے۔

اس حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے قریب محفوظ مقام کی نشادہی کے بعد چھوٹی بڑی خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرین کو ایک ہی جگہ پر منظم انداز میں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ان خیمہ بستیوں میں جہاں ایک جانب متاثرین کے لیے پکے پکائے کھانے،واٹر فلٹریشن پلانٹس اور فیلڈ ہسپتال کی سہولت فراہم کی گئی ہے وہیں خیمہ اسکولوںکا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے تاکہ بچے سارا دن کھیلنے کودنے یا گھومنے پھرنے کے علاوہ پڑھائی کی جانب بھی راغب ہوں اور اپنے تعلیمی سلسلے کو برقرار رکھ سکیں۔

ان اسکولوں میں بچوں کو دینی و عصری دونوں طرح کے علوم کی تعلیم دی جارہی ہے جبکہ مفت اسکول بیگز اور اسٹیشنری فراہم کی گئی ہے۔خیمہ بستیوں میں اسکول جانے والے بچوں کی کثیر تعداد کے باعث ان کو مختلف شفٹس میں تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں گرمی کی شدت اور بجلی کی عدم فراہمی کے پیشِ نظر خیمہ اسکولوں میں سولر پنکھوں اور سولر لائٹس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی مکمل بحالی تک الخدمت فاؤنڈیشن ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔