چٹاگانگ ٹیسٹ:پاکستان نے بنگلا دیش کو 8وکٹ سے شکست دیدی


چٹاگانگ (صباح نیوز)پاکستان نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلا دیش کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

کھیل کے پانچویں اور آخری دن پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 109 رنز سے کھیل کا آغاز کیا اور بنگلادیش کا 202 رنز کا ہدف 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر عابد علی نے 91 اور عبداللہ شفیق نے 73 رنز بنائے۔ کھیل کے چوتھے روز دوسری اننگز میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 157 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی پاکستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم نے پراعتماد آغاز کیا اور دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 109 رنز بنالیے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ساجد خان نے 3 اور حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔گذشتہ روز کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے اننگز کا آغاز بغیر کسی نقصان کے 145 رنز سے شروع کیا تو 52 رنز پر عبداللہ شفیق پویلین لوٹ گئے جب کہ سنچری اسکور کرنے والے عابدعلی نے شاندار 133 رنز کی اننگز کھیلی اور آئوٹ ہوگئے، دونوں اوپنرز کے بعد پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہرنہ سکا اور پوری ٹیم 286 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

بنگلا دیش نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ابتدائی 4 کھلاڑی صرف 39 رنز پر پویلین لوٹ گئے تاہم دن کے اختتام پر بنگلادیش نے پاکستان پر 93 رنزکی سبقت حاصل کرلی تھی۔گذشتہ روز کھیل کے دوسرے روز بنگلا دیش کی ٹیم سکور میں صرف 77 رنز کا ہی اضافہ کرسکی اور 330 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی جب کہ پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے کھیل کے اختتام پر 145 رنز بنالیے تھے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ پرفارمنس دکھاتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور فخرزمان نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔کھیل کے پہلے دن بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 49 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم بعد میں لٹن داس اور مشفق الرحیم کی 206 رنز کی شراکت نے بنگلادیش کو مستحکم پوزیشن میں لاکھڑا کیا، دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے۔