مشیر خزانہ کی ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان تک رسائی کا پروگرام شروع کرنے کی ہدایت


اسلام آباد(صباح نیوز)خزانے اور ریونیو کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر شوکت ترین نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹیکس کے موجودہ دائرہ کار کو وسعت دینے اور ریونیو میں اضافے کے لئے فوری طور پر ٹیکس دہندگان تک رسائی کا پروگرام شروع کرے۔

وہ پیر کے روز اسلام آباد میں ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس کے دائرہ کو وسیع کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

ایف بی آر کے چیئرمین اور ان کی ٹیم نے آمدنی بڑھانے اور وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے ٹیکس دہندگان تک فوری رسائی کے پروگرام کے لئے پیشرفت اور تیاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

مشیر نے ایف بی آر کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور زور دیا کہ ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے ساتھ موثر اور تیزتر رابطے کے لئے توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔

اس موقع پر شوکت ترین نے کہا  کہ ٹیکس کلچر فروغ دینے کے لیے عوامی حمایت حاصل کی جائے۔

ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ساتھ موثر اور مضبوط رابطہ یقینی بنائے۔

دوران اجلاس مشیر خزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر کی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا