پنجاب حکومت کے سپورٹس کے حوالے سے اقدامات قابل تعریف ہیں،شاہد آفریدی


لاہور (صباح نیوز)کرکٹ سٹار شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے سپورٹس کے حوالے سے اقدامات قابل تعریف ہیں، محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب سپورٹس کلچر کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے، نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، سپورٹس کی ترقی کے لئے محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب نے انفراسٹرکچر کو وسیع کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، تعمیراتی کمپنیاں سپورٹس کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں،

وزیر کھیل وامور نوجوانان پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب میںسپورٹس کی ترقی کے لئے تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں، نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے عالمی معیار کے منصوبے شروع کئے ہیں جس کے لئے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان آئیں ، ان کے لئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی ایکسپور2020 ء میں پاکستان پویلین میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کرکٹ سٹار شاہد آفریدی نے دبئی ایکسپو2020 ء میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے پنجاب حکومت کی نمائندگی کی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے پاکستان پویلین میں شرکاء کو بریفنگ دی،

اس موقع پر سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان،چیئرمین پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ اتھارٹی بھی موجود تھے، دبئی ایکسپو 2020ء میں سپورٹس سیکٹر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پوٹینشل، فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے پینل ڈسکشن کی گئی،

وزیر کھیل وامور نوجوانان پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، پنجاب سپورٹس کے انفراسٹرکچر کو وسیع کیا جارہاہے، سپورٹس کو محفوظ بنانے کے لئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 5سٹار ہوٹل بنانے جارہے ہیں جس سے سیکیورٹی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، ملکی تاریخ میں پہلا اولمپک ویلج بھی بنانے جارہے ہیں جس کے قیام سے ہم اپنی سپورٹس کو عالمی معیار تک لے جائیں گے،بین الاقوامی تعمیراتی کمپنیوں کو سپورٹس کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں،

پنجاب میں سپورٹس انڈسٹر ی ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، ہر ڈویژن اور ضلع میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کررہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولیات میسر آئیں۔ ایکسپور میں شرکاء کو محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کی سپورٹس کے بارے ڈاکومینٹریز دکھائی گئیں جس کو شرکاء نے بھرپور سراہا۔