عمران خان حکم کریں 5 منٹ میں پنجاب اسمبلی تحلیل کردیں گے، مونس الہی


لاہور(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اور  مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما مونس الہی نے کہا ہے کہ ن لیگ سے کسی صورت اتحاد نہیں ہو سکتا،عمران خان حکم دیں 5 منٹ میں پنجاب اسمبلی تحلیل کردیں گے،

مونس الہی۔ مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہی نے صحافیوں سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے تمام ایم پی ایز چوہدری پرویز الہی کے ساتھ ہیں، گورنر جب کہیں، اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں، ن لیگ کو عدم اعتماد کا شوق ہے تو شوق پورا کر لے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہمارے بارے میں گمراہ کیا گیا تھا، عمران خان کو گمراہ کرنے والے پی ٹی آئی چھوڑ چکے لیکن ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، مریم نواز سیاست میں متعلقہ رہنے کے لیے پنجاب حکومت کی تبدیلی کی بات کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ق لیگ کے تعلقات بہترین ہیں، عمران خان جب کہیں گے اسمبلی توڑ دیں گے،

پنجاب اسمبلی توڑنے میں پرویز الہی اتنا ہی ٹائم لگائیں گے جتنا دستخط کرنے میں لگے گا، سانحہ ماڈل ٹاون پر جلد بڑی پیش رفت ہونے والی ہے۔مونس الہی نے کہا کہ میں عمران خان کے فوری الیکشن کے موقف کے ساتھ کھڑا ہوں، پنجاب کے سب بڑے فیصلے عمران خان کی مشاورت سے ہوتے ہیں، چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہی کے درمیان کوئی سیاسی رابطے نہیں ہیں، چوہدری پرویز الہی کے وزیر اعلی بننے کے بعد ان کی صرف ایک بار چوہدری شجاعت سے بات ہوئی۔