الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹ سروس کا آغاز کردیا


لاہور (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹ سروس کا آغاز کردیا۔ اس حوالہ سے جاری ویڈیو میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور کا کہنا تھا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ چلتا پھرتا ہسپتال ہے،اس کے اندر مریض کے لیٹنے کے لئے باقائدہ بیڈ موجود ہے، یہ ایئرکنڈیشنڈ ہے، اس میں فارمیسی ہے،اس میں ڈاکٹر کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، اس میں پیرامیڈیکس کے لئے جگہ موجود ہے۔

محمد عبدالشکور کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی چیز ہے جو پاکستان کے ان علاقوں کے لئے جہاں ہسپتال تک پہنچنا ایک مشکل کام ہے، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے یہ طے کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ان علاقوں میں جہاں سیلاب آیا ہے وہاں ڈاکٹرز کو دوائیوں کو ، پیرامیڈکس کو لوگوں کے گھر کی دہلیز تک مدد پہنچائے گا اور بیمار لوگوں کو چل کر ہمارے کیمپوں میں نہیں آنا ہو گا بلکہ ہم ان تک پہنچیں گے ، ان کا حال احوال پوچھیں گے اور جو ضروری ہے ان کو ادویات دیں گے اور خواتین کے علاج کے لئے اپنی پوری کوشش کریں گے کہ ان تک ہماری سروسز پہنچ سکیں۔

محمد عبدالشکور کا کہنا تھا کہ ہیلتھ یونٹ کو جن لوگوں نے سپانسر کیا ہے میں ان سب کاشکر گزار ہوں، پاکستان کے اندر بھی لوگ ہیں جنہوں نے اسے اسپانسر کیا ہے اورپاکستان کے باہر بھی لوگ موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے لوگوں کو یہ یونٹ سروسزدے سکتا ہے وہ غالباً اس سے زیادہ ہیں جتنے میں کوئی ایک بڑا ہسپتال کسی کوسروس دے رہا ہو۔ جبکہ اس موقع پر چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم موبائل ہیلتھ یونٹس کا قافلہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں روانہ کررہے ہیں، یہ قافلہ دراصل اس بڑے پروگرام کا حصہ ہے جو ہم لانچ کرچکے ہیں اور اس پروگرام کانام ہے سیف مدر، سیف فیملی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے بہت سارے اجزاء ہیں جن میں ایک جزو اینیٹی نیٹل کیئر ہے، ان کے سارے ٹیسٹ ہونا، الٹراساؤنڈ ہونا ، اس کے لئے یہ موبائل ہیلتھ یونٹ بنائے گئے ہیں۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اس منصوبہ میں الخدمت خواتین ویمن ونگ اور الخدمت خواتین ویمن ونگ ٹرسٹ کے مشکور ہیں کہ ان دونوں نے بھر پور تعاون کیا اور پورے پروگرام میں ہماری پشت پر ہیں۔ اس فلیٹ میں پہلے دو یونٹس، الخدمت خواتین ویمن ونگ ٹرسٹ نے فراہم کئے ہیں اور آج ہم الحمدُ للہ ان کا افتتاح کررہے ہیں۔