پاکستان میں ہر سال تقریبا90ہزارچھاتی کے کینسر کے کیسز کی تشخیص ہوتی ہے،صدر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریبا90ہزارچھاتی کے کینسر کے کیسز کی تشخیص ہوتی ہے، بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے بہت سی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت سے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں ملک بھر کے ایوانِ صنعت و تجارت کے نمائندوں نے ملاقات کی، ملاقات میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت اسلام آباد ، راولپنڈی ، کراچی  اور لاہور چیمبر ز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ملاقات میں اسلام آباد،  راولپنڈی اور اٹک ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں  بھی شریک ہوئے۔

صدر مملکت نے ملک بھر کے ایوانِ صنعت و تجارت کو چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم میں شراکت دار بننے  کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو باقاعدگی سے جسمانی معائنہ کرنے ، چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص کیلئے بروقت طبی مشورہ حاصل کرنے کی ترغیب دی جائے ، پاکستان میں چھاتی کے کینسر کی شرح دوسرے ایشیائی ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے ، پاکستان میں ہر سال تقریبا 90,000  چھاتی کے کینسر کے کیسز کی تشخیص ہوتی ہے، چھاتی کا کینسر مہلک بیماری ہے مگر اس کا مکمل علاج ہو سکتا ہے۔

صدر مملکت  کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے بہت سی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں،   چھاتی کے کینسر کے تقریبا 98 فیصد کیسز ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہونے پر مکمل صحتیاب ہو سکتے ہیں ،  تمام چیمبرز آف کامرس اپنے دائرہ کار میں  جسمانی معائنہ کرنے اور جلد تشخیص کا پیغام پہنچائیں۔ صدر مملکت نے  اپنی بات بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ  دکانوں، مالز اور تجارتی مراکز  کو آگاہی پیغامات کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔