گذشتہ ستر برسوں سے ملک تنزلی کا شکار ، ملک کا مستقبل سیرة النبیۖ کے نظام کے نفاذ میں ہے۔ راشد نسیم


کراچی(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ گزشتہ ستر برسوں سے ملک تنزلی کا شکار ہے۔ دو تہائی اور بھاری مینڈیٹ حاصل کرنے والی جماعتیںبھی پاکستان کو ترقی کے راستے پر نہیں ڈال سکیں۔جماعت اسلامی ایسی کامیابی سے پناہ مانگتی ہے جیسی سیاسی جماعتوں نے سات دہائیوں سے حاصل کی۔ ملک کا مستقبل سیرة النبیۖ کے نظام کے نفاذ میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے عثمان پبلک سکول فیڈرل بی ایریا کراچی میں سیرة النبیۖ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ اس وقت ملک کا ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے۔ پاکستان بے شمار مسائل اور چیلنجز سے گھرا ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی محض نعروں کی بنیاد پر مدینہ کی اسلامی ریاست کا نام استعمال نہیں کرتی بلکہ حقیقی معنوں میں سیرت النبی کی روشنی میں قرآن و سنت کا نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔ جہاں ملک کی عدالتیں آزاد ہوں اور فیصلے انصاف کی بنیادوں پر کیے جائیں۔ عدالتوں میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔ ملک کی عدالتوں میں طاقتور اور غریب کے لیے ایک قانون ہو۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں سیرت النبیۖ کا نظام آئے گا تو ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد جاری رکھے گی۔