ٹی20 سیریز،بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں مایوس کن کارکردگی،قومی ٹیم کو اپنے ہی وطن میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست


لاہور(صباح نیوز) ساتویں اور فیصلہ کن ٹی20 میچ میں انگلینڈ کے 210 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں مایوس کن کارکردگی،قومی ٹیم کو اپنے ہی وطن میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست،دو آسان کیچ چھوڑنے والے کپتان بابر اعظم صرف چار رنز بنا سکے،محمد رضوان ایک سکور بنا کر کلین بلولڈ ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے قائد معین علی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 210 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے انتہائی ناقص بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا، کپتان بابر اعظم صرف 4 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر ہیری بروک کو کیچ دے بیٹھے جبکہ محمد رضوان 1 رن پر ریسے ٹاپلے کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے تیسرے ائوٹ ہونے والے بیٹر افتخار احمد تھے جو کہ 19 رنز بناکر ڈیوڈ ویلے کی گیند پر فل سالٹ کے ہاتھوں کیچ ائوٹ ہوگئے، خوشدل شاہ نے 1 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 25 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور عادل رشید کی گیند پر فل سالٹ کو کیچ دے بیٹھے۔آصف علی ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کو سہارا دینے میں ناکام رہے اور صرف 7 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر ریسے ٹاپلے کے ہاتھوں کیچ آٹ ہوگئے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کے محمد نواز نے پہلا اوور کرایا اور 12 رنز دیئے۔ الیکس ہیلز اور فل سالٹ نے جارحانہ بلے بازی سے اننگز کا آغاز کیا تاہم ہیلز 3 چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 18 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ائوٹ ہوگئے۔ دوسرے آئوٹ ہونے والے بیٹر فل سالٹ تھے جنہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 20 رنز بنائے اور محمد حسنین کی اگلی ہی گیند پر رن آئوٹ ہوگئے،

بین ڈکٹ نے 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور انہیں افتخار احمد کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان نے رن آئوٹ کیا۔ اس طرح انگلینڈ نے 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 209 رنز بنائے، ڈیوڈ ملان 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 78، ہیری بروک 4 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 29 گیندوں پر 46 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے، گرین شرٹس کی جانب سے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا، کپتان بابر اعظم نے 2 اور محمد وسیم جونیئر نے ایک کیچ ڈراپ کیا۔