پنجاب حکومت کا صوبے میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف کارروائی کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے  سینئر وزیر  صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف ایکشن لیا جائے گا، سب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ یہ پرائیویٹ جیت میں گھوم رہے ہیں، سب کے ساتھ یکساں سلوک ہوگا۔ اسلم اقبال نے کہا کہ قبضہ مافیا کی گردن موٹی ہوچکی ہے، مافیا جس کو چاہے خرید سکتا ہے، چینل خرید کر دن رات کردارکشی کررہا ہے، میری بھی کردارکشی کی جا رہی ہے۔ سینئر وزیر پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ سوچ کر کہ نقصان کردیں گے قبضہ مافیا پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا، آج آپ وفاق کے ساتھ مل کر دم چھلہ بنے ہوئے ہیں، علیم خان سمجھتے ہیں چینل خرید کر جس کی چاہے عزت اچھال لو۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ایل ڈی اے کے پاس آئے کہ ہماری اسکیم کی توسیع کردیں، ایل ڈی اے نے کہا زرعی اراضی پر ہائوسنگ سوسائٹی نہیں بنا سکتے، ایل ڈی اے نے کہا آپ 665 کنال جگہ تک رہیں گے، سیکرٹری ہائوسنگ نے بھی اس کو مسترد کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ ماسٹر پلان کے مطابق گرین ایریا میں ہاسنگ سوسائٹی بنا ہی نہیں سکتے، یہ 2012 میں عدالت گیا اور اسٹے لے لیا،

انہوں نے غیرقانونی طور پر گرین ایریا میں کام شروع کردیا، کہتے تھے پی ٹی آئی میرے بغیر نہیں چل سکتی آج ان کے بغیرچل رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی لوگوں نے پلاٹ خریدے ان کو پلاٹ نہیں دے رہے ہیں، پہلے ن لیگ ان کو اے ٹی ایم کہتی تھی اب ان کی اے ٹی ایم ہو گئی، ان کا وطیرہ جو ڈر جائے اس کو مار دو، ہم تمام سوسائٹیوں کو خلاف ایکشن لیں گے۔