کراچی (صباح نیوز)حریم ادب کے زیر اہتمام آرٹس کونسل کراچی کے تعاون سے ہدیہ گل ہائے عقیدت بحضور سرور کونین ۖ کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین شعراء نے نعتیہ کلام پیش کیا،
محفل نعت میں ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی اور نگران اعلیٰ حریم ادب اسماء سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ۖ کی محبت میں ہم جس محفل میں شریک ہیں وہ دراصل ایک ماہ تک محدود نہیں۔ ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں اس میں نبی ۖ کی محبت کے انداز بدل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام رضی اللہ نبی کریم ۖ کی محبت میں اتباع کیا کرتے تھے نبی ۖکا مشن امت کے ہر فرد پر فرض عین ہے اسوقت ہمارے معاشرے میں بے حیائی عام ہورہی ہے ۔ ملک میں ٹرانس جینڈر اور دیگر مزید متنازع قوانین پاس ہونے جا رہے ہیں ہم سب کو اسوقت اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ ہم اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کر رہے ہیں ۔
مرکزی سیکرٹری جنرل حریم ادب پاکستان ڈاکٹر عزیزہ انجم نے مشاعرہ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ادب زندگی کا گراں قدر سرمایہ ہے۔نگراں حریم ادب کراچی عشرت زاہد نے آرٹس کونسل کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کے بدلتے معاشرے میں سیرت رسول کو مضبوطی سے پکڑنے میں ہی نجات ہے۔ مشاعرہ میں ڈاکٹر فاطمہ حسن، نسیم نازش، ڈاکٹر نزہت عباسی،آمنہ عالم، شاہدہ خورشید، زینت کوثر لاکھانی، ادیبہ فریال انصاری، طاہرہ فاروقی،نور العلمائ،ودیگر نے اپنا کلام پیش کیا۔ جنرل سیکریٹری حریم ادب کراچی غزالہ عزیز نے حریم ادب کی جانب سے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سکریٹری ثمینہ قمر بھی موجود تھی۔