حکومت مہنگائی پرقابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے،، چوہدری فواد حسین


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث عالمی معیشت کودھچکا لگا جس کے باعث مہنگائی بڑھی،حکومت مہنگائی پرقابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے،

پی ٹی وی کی سی بی اے ورکرز یونین کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجلی کے مہنگے منصوبوں کی وجہ سے اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ 1947 سے لے کر 2008 تک6ہزار ارب روپے قرض لیا گیا جبکہ 2008 سے 2018 تک 23ہزار ارب قرض لیا گیا۔ رواں سال گزشتہ ادوار میں لئے گئے قرضوں کی مد میں 12ہزار ارب روپے کی ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے۔ گزشتہ سال ملکی قرضوں کی مد میں 10ہزار ارب روپے ادا کرنا پڑے۔ بھاری قرضوں کی وجہ سے ملکی معیشت اور حکومت کو اقتصادی مسائل درپیش ہیں۔ موجود ہ حکومت ملکی اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے کوشاںہے۔ ادارے خوشحال ہوں گے تو ملازمین خوشحال ہوں گے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی وی یونین کے نو منتخب عہدیداران  کومبارکباد دیتا  ہوں پاکستان ٹیلی وژن اہم قومی ادارہ ہے۔ پی ٹی وی کا ہر ورکر  ادارے کا سرتاج ہے۔ حکومتی اقدامات سے پی ٹی وی ایک منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔ امید ہے نو منتخب عہدیداران  ادارے کی بہتری کیلئے کام جاری رکھیں گے ۔ طویل عرصہ کے بعد پی ٹی وی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا۔ سمجھتا ہوں کہ پی ٹی وی ملازمین کی تنخواہوں  میں حالیہ اضافہ ناکافی ہے۔ مزید اضافہ کریں گے  گروپ 5  اور 6 کے  پی ٹی وی ملازمین کی پروموشن کریں گے۔ غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پی ٹی وی ملازمین کو بونس دئیے جائیں گے ہم سب نے مل کر پی ٹی وی کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔