اسلام آباد(صباح نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے کیس کی سماعت 4 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر سنیں گے۔
آج سپریم کورٹ میں فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم آج اس کیس کو مکمل نہیں کر پائیں گے اور 4 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر کیس سنیں گے۔
فیصل واوڈا کے وکیل وسیم سجاد نے مختصر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی کیس 4 سے 5 مرتبہ بغیر سماعت ملتوی ہو چکا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت سے روزانہ کی بنیاد پر اپیل پر سماعت کی جائے گی۔